ہر زخم کے خرام میں رہتا ہے لال رنگ
اشکوں کے اہتمام میں رہتا ہے لال رنگ
دکھ، درد، آہ، کرب، الم، چیخ اور اشک
تحریر میں،کلام میں رہتا ہے لال رنگ
غصے میں لال پیلے ہوئے میرے نام پر
یعنی کہ میرے نام میں رہتا ہے لال رنگ
سورج کو وقتِ شام کبھی ڈوبتا تو دیکھ
خوابوں کے اختتام میں رہتا ہے لال رنگ
لاشوں پہ رقص کرتے ہوئے جشن دیکھنا
ہر عہد کے نظام میں رہتا ہے لال رنگ
ویران بستیاں ہوں کہ جلتے ہوئے چراغ
پایا کہ ہر مقام میں رہتا ہے لال رنگ
دن شام تک گزار کے مقتل میں، رات کو
خاکسترِ خیام میں رہتا ہے لال رنگ
میری ہر ایک صنف میں ہر رنگ ہے مگر
اک شاہ کے 'سلام" میں رہتا ہے لال رنگ
(ڈاکٹر دبیر عباس سید)

0
3