غم ہجراں کے زنداں سے۔۔۔ |
مجھے اک گیت لکھنا ہے |
ملن کی آخری شب پر |
کہ جس کو گنگناؤں تو |
دلِ مضطر بہل جائے |
غمِ ہجراں کے زنداں سے |
کبھی کچھ پل نکل پائے |
مگر میں لکھ نہیں پاتا |
محبت سے بھری باتیں |
شب قربت کی سوغاتیں |
ہماری زیست کا حاصل |
وہ سب لمھے وہ سارے پل |
میں جب بھی یاد کرتا ہوں |
میں جب بھی لکھنا چاہوں تو |
فضائے درد کمرے میں اتر آئے |
ملن شب کی حسیں یادیں |
شبِ فرت میں ڈھل جائیں |
فراقِ یار کا خنجر |
رگِ جاں میں اتر جائے |
دلِ مضطر تڑپتا ہے |
غمِ ہجراں کا دریا |
اشک بن بن کر |
مری آنکھوں سے بہتا ہے |
ورق بھی بھیگ جاتا ہے |
قلم بھی چھوٹ جاتا ہے |
میں کچھ بھی کہہ نہیں پاتا |
میں کچھ بھی لکھ نہیں پاتا |
ہزاروں بار کوشش کی |
یہی ہر بار ہوتا ہے |
ملن کی آخری شب پر |
مجھے اک گیت لکھنا ہے |
مگر میں لکھ نہیں پاتا |
غمِ ہجراں کے زنداں سے |
میں باہر آنہیں پاتا۔ |
معلومات