خدا کے فضل ہوں تم پر خدا کی رحمتیں تم پر
ہوں نازل جلسہ سالانہ کی ساری برکتیں تم پر
مسیحا کی دعاؤں کے بنو وارث کچھ ایسے تم
کہ نازل ہوں قبولیت کی ساری ساعتیں تم پر
محبت کے یہ میلے الفتوں کے سلسلے پیہم
عیاں دائم اخوت کی سبھی ہوں نسبتیں تم پر
تمہارے دین و دنیا کی بھلائی کا جو ساماں ہوں
خدا کی نعمتوں کی ہر قدم ہوں بارشیں تم پر
تمہیں جلسے نے موقع پھر دیا ہے عہدِ بیعت کا
خلافت کی اطاعت ہی سے آئیں نصرتیں تم پر
ہو ایمان و یقین و صبر کا سرمایہ روز افزوں
عنایت سے خدا کی ہو رہی ہیں رحمتیں تم پر
دعاؤں کا ہو سایہ ذکر کا ہو ساتھ ہر لمحہ
اتر آئیں سکینت کی کچھ ایسی راحتیں تم پر
جہاں بھر میں لوائے احمدیت لہلہائے اب
خلافت کی عنایت سے ہوں تاباں شوکتیں تم پر
خلافت سے جُڑے رہنے کا ہے انعام یہ پایا
کہ بڑھتی جا رہی ہیں لمحہ لمحہ شفقتیں تم پر
قبولیت کی گھڑیاں اور نصرت کے ہیں یہ لمحے
خدا رکھے قیامت تک یہ اتریں دولتیں تم پر
عطا کرتا ہے جلسہ یہ دعاؤں کے خزانے جو
ابد تک ساتھ ہوں طارق خدا کی نعمتیں تم پر

0
5