شاہِ کون و مَکاں کے وزیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
بزمِ کونین مِیں بے نظیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
فقر کی سلطنت کے وَلی آپ ہیں, روشنی آپ ہیں |
شاہِ اقطاب, غوثِ کبیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
طالبانِ خدا کو جو فیضان ہے, آپ کا دھیان ہے |
سالکانِ خدا کے اَمیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
اِس جہاں مِیں نہیں کچھ نِہاں آپ پر, سب عیاں آپ پر |
آسمان و زمیں کے مُسِیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
آپ پر یہ عَرب یہ عَجم سب فِدا, ماہ و کوکب فِدا |
صاحبِ حُسن ہیں, دل پَذیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
آپ سا دل کش و دلرُبا بھی نہیں, رہنُما بھی نہیں |
چشم گیر آپ ہیں, دل بَگیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
آپ کے در جُھکی اولیا کی جَبیں, ہل اَتیٰ کے اَمیں |
شاہِ بغداد پیرانِ پیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
شاہدِؔ بے نوا و تہی دست کے, اور کُل ہست کے |
پیشوا آپ ہیں, سایہ گیر آپ ہیں, دستگیر آپ ہیں |
معلومات