کوچۂ دلربا کے چکّر کاٹ
چیر صحرا کا دل، سمندر کاٹ
بلبلِ جان اُڑنے والی ہے
لاکھ پنجرے میں قید کر، پَر کاٹ
قصّۂ رنجِ ہجرِ دوست ہو ختم
کاغذی پیرہن کا دفتر کاٹ
تیرے کوچے میں خاک پھانکتے ہیں
کف و دامان و چاک و کالر کاٹ
دعوتِ خوش خرام کی خاطر
پنجۂ تیز گام تیتر کاٹ
محض عمّامہ شیخ کا مت پھاڑ
مغبچے! اس خبیث کا سر کاٹ
زندگی کاٹنی تو ہے تنہاؔ!
چاہے اب ہنس کے کاٹ، رو کر کاٹ

0
358