| طے کر گئے ایمان کی اقدار بہتر |
| کہلائے وفاداری کا معیار بہتر |
| ہر ایک گلِ تر سے معطر ہیں زیادہ |
| مہر و مہ و انجم سے ہیں ضو بار بہتر |
| امکان بھٹکنے کا مرے کوئی نہیں ہے |
| رہبر ہیں مرے صاحبِ کردار بہتر |
| دیتے رہے دنیا پہ وہاں دین کو ترجیح |
| مقتل میں بھی کرتے رہے ایثار بہتر |
| مولا نے کیا خلد کے سرداروں میں شامل |
| چھوڑ آئے مدینے میں جو گھر بار بہتر |
| رہبر ہیں نقوشِ قدم ان کے سرِ دنیا |
| محشر میں بنیں قافلہ سالار بہتر |
| خواہش ہے برس عمر کے پائیں کوئی نسبت |
| گر ہوں نہ تریسٹھ تو ہوں سرکار بہتر |
| آتی ہے مجھے یاد جونہی شامِ غریباں |
| گرتے ہیں مرے اشک ہر اک بار بہتر |
| عترت کی محبت سے چمکتا ہے مرا دل |
| گھیرے میں لیے ہیں اسے زرتار بہتر |
| شبیر ہیں اک ایسے گلستان کے مالک |
| سرسبز لگے جس میں ہیں اشجار بہتر |
| رکھتا ہے دعاؤں میں قمرؔ ان کا وسیلہ |
| بخشش کے نظر آتے ہیں آثار بہتر |
| قمرآسیؔ |
معلومات