دیش کے ایسے سارے لیڈر دفن کرو |
جو کہ ہیں اسپیڈ بریکر دفن کرو |
لاشوں کو آتش کے حوالے کرتے ہو |
اس سے اچھا اس سے بہتر دفن کرو |
زور قلم سے دل تبدیل کرو صاحب |
چاکو واکو خنجر ونجر دفن کرو |
امن و سکوں کی چاہ اگر ہے تو پہلے |
دیش کے سارے فتنہ پرور دفن کرو |
اک عاشق کی تربت ہو موجود وہاں |
یارو مجھے تم ایسی جگہ پر دفن کرو |
تب پاتی ہے ایک غزل تکمیل کہیں |
جب کاغذ پر کتنے منظر دفن کرو |
مٹی کو یہ تاج محل میں رکھنا کیا |
مٹی کو مٹی کے اندر دفن کرو |
ختم نہیں ہوں گے یہ کبھی تلواروں سے |
اندھیاروں کو دیپ جلا کر دفن کرو |
روح کی منزل اور تھی وہ پرواز ہوئی |
بچا ہے جو یہ خاکی پیکر دفن کرو |
ہوتی ہے تکمیل غزل جب آخر میں |
مقطع بھی اے بھائی اظہر دفن کرو |
معلومات