استغاثہ بہ حضور سرورِ کائنات صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وصحبہ وبارک وسلم
فریاد کناں : محمد حسین مشاہد رضوی
سر اُٹھائے ہے شر رسول اللہ
وقت ہے پُر خطر رسول اللہ
سخت مشکل میں ہیں مکینِ وطن
لیجیے گا خبر رسول اللہ
جوش پر ظالموں کی شدت ہے
کیجے ہم پر نظر رسول اللہ
عرصۂ زیست ہوگیا ہے تنگ
عہد ہے پر ضرر رسول اللہ
حوصلہ دیں مقابلِ باطل
ہم ہوں سینہ سپر رسول اللہ
ہاے افسوس ہادیانِ ملل
ہیں اسیرانِ زر رسول اللہ
کوئی پُرسانِ حالِ زار نہیں
ہم کو بخشیں ظفر رسول اللہ
بھول بیٹھے ہیں آپ کی سیرت
ہم ہوئے بے ہنر رسول اللہ
پھر ہماری دعا مؤثِر ہو
چھن گیا ہے اثر رسول اللہ
پھر مدینے کی یاد آتی ہے
اب کے اذنِ سفر رسول اللہ
پائے مرہم مُشاہدِ مضطر
اے مرے چارہ گر رسول اللہ

74