وہ ملا تو سلام سے پہلے
سر جھکا احترام سے پہلے
ہر کوئی عام تھا جو خاص ہوا
میں ہوا خاص عام سے پہلے
شیخ صاحب یہ علم ہے اس میں
میم کیسے ہو لام سے پہلے
شکر ہے یار میکدے پہنچا
مر چلا تھا میں شام سے پہلے
بے نشہ تھا میں میکدہ پی کر
اسکے ہاتھوں کے جام سے پہلے
سستے داموں خریدنے والو
شاہ تھا میں غلام سے پہلے
اب وہ اعجاز ہو گیا بھگوان
ایک بت تھا جو رام سے پہلے
اعجاز احمد روانہ

101