دیتی ہوں محبت کا ہر اک دل کو میں پیغام |
میں ہند کی ہوں لاڈلی اردو ہے مرا نام |
لہجےمیں مرے نرمی گلابی سے کنول کی |
لفظوں میں مرے چاشنی گنگوتری جل کی |
یوں مرمریں ہے گوہر تہذیب یہ میرا |
ہے رشک زدہ چاندنی بھی تاج محل کی |
رس کانوں میں ہے گھولنا میری صدا کا کام |
میں ہند کی ہوں لاڈلی اردو ہے مرا نام |
دلّی کی وراثت ہوں میں لکھنو کی نزاکت |
دکن کی لطافت ہوں تو بنگال کی الفت |
پٹنہ کے قدرداں نے مجھے سر پہ بٹھایا |
اندور نے بھی خوب بڑھائی مری عزت |
کاشی کی حسیں صبح اَوَدھ کی گھنی میں شام |
میں ہند کی ہوں لاڈلی اردو ہے مرا نام |
گیتوں نے مری دل میں محبت کو جگایا |
نظموں نے بڑی شان سے حق اپنا جمایا |
چھیڑی یوں غزل نے دلوں کے تار پہ سرگم |
ہو ہی نہیں پایا مرا کوئی بھی پرایا |
ہر لب کی ہوں میں راگنی یہ ہے مرا انعام |
میں ہند کی ہوں لاڈلی اردو ہے مرا نام |
معلومات