یہ ...آہ ..آہم ...یہ کیا ہے؟ (حیرانی سے )

 

بھنڈی گوشت ( بڑی بے نیازی سے جواب ملا )

 

(تیز  لہجے میں )کاش  تمھارے گھر والوں نے کچھ تو سکھا  کر بھیجا ہوتا ، ہر روز ایک ہی بھنڈی گوشت کھا کھا کر میری شکل بھنڈی جیسی ہو گئی ہے 

 

مہاراجہ جی، یہ گھر ہے تمھارے ابّے کا ہوٹل نہیں... (ترکی بہ ترکی جواب )

 

دیکھو ، تمیز سے بات کرو، میرے خاندان کو بیچ میں مت گھسیٹو!

 

یہ بات تم پر بھی لاگو ہوتی ہے ، زیادہ بچے نہ بنو ( شرارتی لہجہ )

 

بچہ تو میں ہوں ... تم سے پورے تین سو دس دن  چھوٹا ہوں،( مزے  سے جتایا )


افلاطون کہیں کے، صاف صاف کہو کہ ١١ مہینے چھوٹا ہوں 

 

جو بھی سمجھو، مگر خدا کے لیے یہ بھنڈی گوشت لے جاؤ ( التجایہ لہجہ )

 

ٹھیک ہے تو پھر بھوکے مرو ...میں تو  جا رہی ہوں 

 

ارے  تیز گام ارے رکو، تو پھر میں کیا نوش فرماؤں گا؟ ( تنگ آ کر کہا )

 

اتنی دیر سے یہ جو میرا بھیجہ نوش فرما رہے ہو، اسی سے پیٹ بھرو ...(وہی ہٹ دھرمی )

 

کتنی ظالم ہو تم؟ جو بھی ہوں، تمہارا مجازی خدا، جان وفا اور پتا نہیں کیا کیا ہوں...

 

ایک کاہل، سست الوجود اور چپکو قسم کے میاں  ہو اور تم ایک ...(زبان  کیسری )

 

بس بس... قینچی بھی تمہاری زبان کو دیکھ کر شرما جاۓ ... تم عورتیں بھی چپ ہونے کا نام نہیں لیتیں

 

ہاں ہاں اور تم مرد تو جیسے منہ میں گھنگنیاں ڈال کر بیٹھے رہتے ہو(جوابی حملہ )

 

توبہ ہے قسم سے! میں  بھوک سے مر رہا ہوں ، جاؤ میرے لیے کوئی کباب بناؤ، کچھ کوفتے ، کوئی پکوڑے ... 

 

تو جاؤ دوسری لے آؤ، وہ سب بنا دے گی 

 

 خدایا ! میں نے یہ کب کہا میں تو ۔۔

 

جانتی ہوں میں تم جیسے مردوں کو، ہر وقت بہانے تراشتے رہتے ہو ، یہ جو کونے میں جھاڑو پڑا ہے یہی مار مار کے دوسری شادی کا بھوت نکال دوں گی، سمجھے  (غصّہ کرتے ہوۓ )

 

ارے بابا، میں تو کباب کی بات کر رہا تھا ، یہ تم کہاں کی بات کہاں لے گییی ... ویسے اب تم نے کر ہی دی ہے تو دیکھو یہ میرا جائز شرعی حق ہے اور ؟

 

ہاۓ الله تو تم اب مجھ پے سوتن لاؤ  گے (معصوم لہجہ )

 

اف یہ رونا دھونا تو بند کرو، میں تو یہ بکواس کر رہا تھا کہ۔۔۔(پچھتاوا )

 

نہیں نہیں، ٹھہرو میں ذرا بھیا کو بتاؤں ، وہ خود تمہاری ساری  مستی نکل دیں گے، ہاۓ میں تو لٹ گئی، میں برباد ہو گئی ، میری قسمت ...(رونا دھونا پرانا )

 

بھیا کی ایسی کی تیسی ... پولیس میں ہیں تو کیا، ہر وقت ڈراتی رہتی ہو ، اگر تم میری ایک بات مانو تو ساری زندگی دوسری شادی نہیں کروں گا ...

 

بکو..ویسے تم سارے مرد ایک جیسے ہوتے ہو  ہرجائی اور ...

 

اور؟ اور کیا؟ بتا دو جان من ! ( لہجے میں رومانس )

 

شرافت سے بیٹھے رہو، بچے باہر  ہی کھیل  رہے ہیں ...

 

تو کھیلنا اچھی بات ہے نہ، کھیلنے دو 

 

یہ لو بھنڈی گوشت کھانا ہے تو کھاؤ، میں تو جا رہی ہوں 

 

اف، سارا موڈ غارت کر دیا ، اٹھاؤ یہ بھنڈی گوشت ورنہ میں خودکشی کر لوں گا ... اور یہ تم کیا دیو جانس کلبی کی طرح سوچنے لگی؟ (شگفتہ انداز )

 

سوچ رہی ہوں، بیوہ بن کر میں کتنی بری لگوں گی 

 

لا حول ولا... جاؤ میں تم سے اب بات نہیں کروں گا، جیتے جی مجھے مارنے کی بات کر رہی ہو جاؤ چلی جاؤ تمہاری باتیں سننے سے بہتر ہے میں بھوکا مر جاؤں 

 

مریں آپ کے دشمن ، میں تو مزاق کر رہی تھی ، موڈ ٹھیک کریں ...اف کچھ تو بولیں، اچھا میں دو منٹ میں پکوڑے لاتی ہو، بیسن بنا دیا تھا دوپہر کو ، اور کباب بھی فریز کیے ہوۓ ہیں، میں بس ابھی آتی ہوں ...

 

چٹنی بھی بنا دینا ، اور یہ بھنڈی گوشت یہیں پڑا ہے ، ارے واہ یہ تو بڑا لذیذ ہے ، میں ایسے ہی آج تک اس سے بھاگتا رہا ....

 

یہ لیں، سب لے آئی  ہوں، ارے ... یہ ، یہ بھنڈی گوشت کہاں گیا؟ 

 

وہ بلی بھوکھی تھی، تو اسے کھلا دیا 

 

ہمارے گھرمیں  تو کوئی بلی ہے ہی نہیں (شکی لہجہ )

 

پڑوسیوں کی تھی، غریب دعائیں دے گی، چلو ادھر لو، پکوڑے اور کباب اور یہ چٹنی بھی ... بس آئندہ کبھی مجھ تنگ کرنے کے لیے بھنڈی گوشت نہ بنانا ... 

 

اچھا اچھا، اس طرح ندیدوں کی طرح مت کھاؤ ، تمیز سے کھاؤ ، میں ذرا پڑوسیوں کی بلی کی خبر لوں ...

 

ہاں ہاں جاؤ جاؤ ... اور اس کا وزن دوگنا ہو گیا ہو گا ...

 

زیادہ بچے نہ بنو، پڑوسیوں کی لڑکی کو وہ پیار سے بلی کہتے ہیں . تم سے تو میں بعد میں نپٹوں گی، اس کلموہی کا دماغ درست کر لوں ...(حقیقی  غیض  و غضب )

 

ارے سنو ، بیگم ...بیگم ....(پریشان لہجہ )



0
24