نالہ جُز حسنِ طلب، اے ستم ایجاد نہیں |
ہے تقاضائے جفا، شکوۂ بیداد نہیں |
عشق و مزدوریِ عشرت گہِ خسرو، کیا خُوب! |
ہم کو تسلیم نکو نامئ فرہاد نہیں |
کم نہیں وہ بھی خرابی میں، پہ وسعت معلوم |
دشت میں ہے مجھے وہ عیش کہ گھر یاد نہیں |
اہلِ بینش کو ہے طوفانِ حوادث مکتب |
لطمۂ موج کم از سیلئِ استاد نہیں |
وائے مظلومئ تسلیم! و بدا حالِ وفا! |
جانتا ہے کہ ہمیں طاقتِ فریاد نہیں |
رنگِ تمکینِ گُل و لالہ پریشاں کیوں ہے؟ |
گر چراغانِ سرِ رہ گُزرِ باد نہیں |
سَبَدِ گُل کے تلے بند کرے ہے گلچیں! |
مژدہ اے مرغ! کہ گلزار میں صیّاد نہیں |
نفی سے کرتی ہے اثبات طراوش گویا |
دی ہی جائے دہن اس کو دمِ ایجاد "نہیں" |
کم نہیں جلوہ گری میں ترے کوچے سے بہشت |
یہی نقشہ ہے ولے، اس قدر آباد نہیں |
کرتے کس منہ سے ہو غربت کی شکایت غالبؔ |
تم کو بے مہرئ یارانِ وطن یاد نہیں؟ |
بحر
رمل مثمن سالم مخبون محذوف
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فَعِلن |
||
رمل مثمن سالم مخبون محذوف
فَعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فَعِلن |
||
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فاعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن |
||
رمل مثمن مخبون محذوف مقطوع
فَعِلاتن فَعِلاتن فَعِلاتن فِعْلن |
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات