اے تازہ واردانِ بساطِ ہوائے دل |
زنہار اگر تمھیں ہوسِ نائے و نوش ہے |
دیکھو مجھے جو دیدۂ عبرت نگاہ ہو |
میری سنو جو گوشِ نصیحت نیوش ہے |
ساقی بہ جلوہ دشمنِ ایمان و آگہی |
مطرب بہ نغمہ رہزنِ تمکین و ہوش ہے |
یا شب کو دیکھتے تھے کہ ہر گوشۂ بساط |
دامانِ باغبان و کفِ گل فروش ہے |
لطفِ خرامِ ساقی و ذوقِ صدائے چنگ |
یہ جنتِ نگاہ وہ فردوسِ گوش ہے |
یا صبح دم جو دیکھیے آ کر تو بزم میں |
نے وہ سرور و سوز نہ جوش و خروش ہے |
داغِ فراقِ صحبتِ شب کی جلی ہوئی |
اک شمع رہ گئی ہے سو وہ بھی خموش ہے |
آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں |
غالبؔ صریرِ خامہ نوائے سروش ہے |
بحر
مضارع مثمن اخرب مکفوف محذوف
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن |
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات