بتائیں ہم تمہارے عارض و کاکُل کو کیا سمجھے |
اِسے ہم سانپ سمجھے اور اُسے من سانپ کا سمجھے |
یہ کیا تشبیہِ بے ہودہ ہے، کیوں موذی سے نسبت دیں |
ہُما عارض کو، اور کاکل کو ہم ظلِّ ہما سمجھے |
غلط ہی ہو گئی تشبیہ، یہ تو ایک طائر ہے |
اسے برگِ سمن اور اُس کو سنبل کو جٹا سمجھے |
نباتاتِ زمیں سے کیا ان کو نسبت؟ معاذَ اللہ |
اسے برق اور اُسے ہم کالی ساون کی گھٹا سمجھے |
گھٹا اور برق سے کیوں کر گھٹا کر ان کو نسبت دیں |
اسے ظلمات، اُسے ہم چشمۂ آبِ بقا سمجھے |
جو کہیے یہ، فقط مقصود تھا خضر و سکندر سے |
یدِ بیضا اسے اور اُس کو موسیٰ کا عصا سمجھے |
جو اس تشبیہ سے بھی داغ اُن کو آتا ہو |
اسے وقتِ نمازِ صبح اور اُس کو عشا سمجھے |
جو یہ نسبت پسندِ خاطرِ والا نہ ہو تو پھر |
اسے قندیلِ کعبہ، اُس کو کعبے کی ردا سمجھے |
اسدؔ ان ساری تشبیہوں کو رد کرکے یہ کہتا ہے |
سویدا اِس کو سمجھے اُس کو ہم نورِ خدا سمجھے |
بحر
ہزج مثمن سالم
مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن مفاعیلن |
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات