جس بزم میں تو ناز سے گفتار میں آوے |
جاں کالبدِ صورتِ دیوار میں آوے |
سائے کی طرح ساتھ پھریں سرو و صنوبر |
تو اس قدِ دل کش سے جو گلزار میں آوے |
تب نازِ گراں مایگیٔ اشک بجا ہے |
جب لختِ جگر دیدۂ خوں بار میں آوے |
دے مجھ کو شکایت کی اجازت کہ ستم گر |
کچھ تجھ کو مزہ بھی مرے آزار میں آوے |
اس چشمِ فسوں گر کا اگر پائے اشارہ |
طوطی کی طرح آئینہ گفتار میں آوے |
کانٹوں کی زباں سوکھ گئی پیاس سے یا رب |
اک آبلہ پا وادیِ پر خار میں آوے |
مر جاؤں نہ کیوں رشک سے جب وہ تنِ نازک |
آغوشِ خمِ حلقۂ زنار میں آوے |
غارت گرِ ناموس نہ ہو گر ہوسِ زر |
کیوں شاہدِ گل باغ سے بازار میں آوے |
تب چاکِ گریباں کا مزہ ہے دلِ نالاں |
جب اک نفس الجھا ہوا ہر تار میں آوے |
آتش کدہ ہے سینہ مرا رازِ نہاں سے |
اے وائے اگر معرضِ اظہار میں آوے |
گنجینۂ معنی کا طلسم اس کو سمجھیے |
جو لفظ کہ غالبؔ مرے اشعار میں آوے |
بحر
ہزج مثمن اخرب مکفوف محذوف
مفعول مفاعیل مفاعیل فَعُولن |
اشعار کی تقطیع
تقطیع دکھائیں
معلومات