ترا خیال رہا میرا ہم خیال سدا
رہا ہے دل میں محبت کا ہی جمال سدا
تری وفا نے سنوارا ہے زندگی کا سفر
ترے سہارے رہا ہے یہ دل بحال سدا
یہ بے مثال محبت یہ ساتھ برسوں کا
مری دعا ہے رہے گا یہ بے مثال سدا
یقیں ہے اور محبت بڑھے گی عمر کے ساتھ
جو عشق ہے وہ تو رہتا ہے لا زوال سدا
خدا کرے کہ محبت کا یہ سفر نہ رکے
ہمارے گھر رہیں خوشیوں سے مالا مال سدا
رہے یہ رشتۂ الفت ہمیشہ یونہی بحال
مری دعا ہے مرے ربِ ذوالجلال، سدا
دعائیں جو بھی ہیں ساری قبول ہو جائیں
رہے مہکتا یہ بازیچۂِ عیال سدا
تری خوشی سے جڑی ہے مری خوشی سعدی
تو خوش رہے تو رہے دل مرا نہال سدا
#سعید_سعدی 07 ستمبر 2026

0
5