مجھ سے دو بدو ہے تو |
کتنا سرخ رو ہے تو |
آہٹیں سنائی دیں |
جیسے چار سو ہے تو |
تیری جستجو ہوں میں |
میری آرزو ہے تو |
مجھ سے میں نہیں ملتا |
اپنے ہوبہو ہے تو |
ہار جائے گا یہ دل |
دیکھ خوب رو ہے تو |
میں تو تجھ سے زندہ ہوں |
ہاں مرا لہو ہے تو |
دل میں کاغذی موسم |
اس میں رنگ و بو ہے تو |
اک سوال ہے یہ کون |
سو جواب تو ہے تو |
مے کشی ترے بن کیا |
غیرتِ سبو ہے تو |
کس کو ڈھونڈتا ہوں میں |
جب کہ روبرو ہے تو |
میری خامشی سے کیوں |
محو گفتگو ہے تو |
دل! نہ دے اسے بوسہ |
کیوں کہ بے وضو ہے تو |
کیسے بھول سکتا ہوں |
غم کی آبرو ہے تو |
دل رہا ترا مسکن |
آج کو بہ کو ہے تو |
اس خدا کی دنیا میں |
ثانی فالتو ہے تو |
میں ہوں پانی کا مرہم |
زخمِ شعلہ رو ہے تو |
ثانی کیا پھلے پھولے |
خاک بے نمو ہے تو |
معلومات