| عشق ہی ہے لم یزل عشق ہی ہے لا زوال |
| عشق سچا با وفا ہے عشق ہی ہے بے مثال |
| چین سے رہنے نہیں دیتا ہمیں تیرا خیال |
| آپ کب آئیں گے ، کب ہو گا صنم اپنا وصال |
| اولا تو کوئی صورت وصل کی ہوتی نہیں |
| ہو بھی تو لمحے میں گزرے گرچہ ہو وہ ایک سال |
| کیا تماشہ ہے ، ستم ہے آپ آئے با حجاب |
| رخ سے پردے کو ہٹا لے دیکھ لوں تیرا جمال |
| یار کی محفل میں آنے کی اجازت کیا ملی |
| بھول بیٹھا ہوں میں خود کو کیا کروں کوئی سوال |
| یار ہو ناراض تو کیسے مناوں میں اسے |
| قاعدہ کوئی بتا دے ، یا بتا کوئی مثال |
| جس کو دیکھوں وہ یہاں اب عشق کا دعوی کرے |
| در حقیقت سچے عاشق اس جہاں میں خال خال |
| عشق کو کیوں روگ کہنا ،کیوں کہوں میں اس کو دام |
| عشق دل کا حال ہے صاحب نہیں یہ کوئی جال |
| تیری آنکھوں میں اگر میں عکس اپنا دیکھ لوں |
| اس نوازش پر فدا ہو جاں مچاوں میں دھمال |
| عشق کی راہوں میں ارقم خار ہیں پر تم چلو |
| آبلہ پائی سے ہی تیری طبیعت ہو بحال |
معلومات