بت کو خدا بناؤ یہی میری رائے ہے |
حد سے گزر ہی جاؤ یہی میری رائے ہے |
کعبے میں گر نماز نہ پڑھنی ہے مت پڑھو |
اس کو تو سر جھکاؤ یہی میری رائے ہے |
ہر درد کو دوا کہو ہر وار کو کرم |
ہر غم پہ مسکراؤ یہی میری رائے ہے |
پھولوں کو چننے والے بہت ہیں چمن میں اب |
تم خار ہی اٹھاؤ یہی میری رائے ہے |
ہم تو تمہارے پیر دباتے ہی رہ گئے |
اور مال تم دباؤ یہی میری رائے ہے |
ہر اک ستم پہ داد انھیں دو مگر زبیر |
زخموں کو بھول جاؤ یہی میری رائے ہے |
سینہ پہ پھر سے مارو ذرا خنجرِ نگاہ |
مقتل میں خوں بہاؤ یہی میری رائے ہے |
معلومات