''''''''''''''''''''''''''''
ذاتِ محمد
صلی اللّٰہ علیہ وسلم
خدا کی رحمتیں ان پر ہوں نازل
خدا بھیجے سلامیں ان پہ کامل
"""""""""""""""""""""""""""""""""""""""""""
"""""""""""""""""""""""""""""""""""""""""""
کھلا قرآن ہے ذاتِ محمد
خدا کی شان ہے ذاتِ محمد
بنا سارا جہاں اس کے لیے ہے
جہاں کی جان ہے ذاتِ محمد
رفعنا کہہ کے رب نے یہ بتایا
ورا ہر آن ہے ذاتِ محمد
نبی برہان لے کر سب ہی آئے
ہاں خود برہان ہے ذاتِ محمد
خدا کے ہم پہ ہیں انعام بے حد
بڑا احسان ہے ذاتِ محمد
نہ حق باطل عیاں ہوتے کسی پر
مگر فرقان ہے ذاتِ محمد
مرے ہاتھوں میں بس دامن نبی کا
مرا ایقان ہے ذاتِ محمد
یوں تو عنوان ہیں لوگوں کے صدہا
مرا عنوان ہے ذاتِ محمد
شناخت ہوتی ہے رشتوں سے اکثر
مری پہچان ہے ذاتِ محمد
عمل تو ناز کے قابل کہاں ہیں
مرا تو مان ہے ذاتِ محمد
گدا بن کے کھڑے ہیں بادشاہ بھی
شہِ شاہان ہے ذاتِ محمد
ہماری عقل سے تو وہ ورا ہے
بڑی ذیشان ہے ذاتِ محمد
ہے وہ انساں مگر ہے اصلِ انسان
کمال انسان ہے ذاتِ محمد
بشر کی رٹ لگاتے ہو ذرا ہوش
بشر کی آن ہے ذاتِ محمد
ارے رضوی تَو کہتا فخر سے ہے
مرا ایمان ہے ذاتِ محمد
صلی اللّٰہ علیہ وسلم
خدا کی رحمتیں ان پر ہوں نازل
خدا بھیجے سلامیں ان پہ کامل
؛؛؛؛؛؛؛؛؛
عرض نمودہ: ابو الحسنین محمد فضلِ رسول رضوی
18 ربیع الآخر 1446ھ/ 21 اکتوبر 2024ء
شب سہ شنبہ دس بج کر ستاون منٹ
::::::

0
11