بحرِ مُتَقارِب - ایک تعارف




23 جنوری، 2014
اردو محفل پر ایک سوال پوچھا گیا تھا کہ علامہ اقبال کے درج ذیل خوبصورت شعر کی بحر کیا ہے اور اسکی تقطیع کیسے ہوگی، اسکے جواب میں خاکسار نے بحرِ مُتقَارِب کا مختصر تعارف لکھا تھا، اس کو قطع و برید اور ترمیم کے ساتھ یہاں لکھ رہا ہوں۔
 
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
 
یہ شعر بحر مُتَقارِب مثمن سالم میں ہے۔ مثمن کا مطلب آٹھ یعنی اس بحر کے ایک شعر میں آٹھ رکن اور ایک مصرعے میں چار۔ سالم کا مطلب ہے کہ اس بحر میں جو رکن ہے وہ مکمل ہے اور کہیں بھی اس میں تبدیلی نہیں کی گئی۔ اسے متقارب کیوں کہتے ہیں اسکی تفصیل چھوڑتا ہوں۔
یہ بحر ایک مفرد بحر ہے، مفرد کا مطلب ہے کہ اس بحر میں اصل میں ایک ہی رکن ہے اور اسکی بار بار تکرار ہے، یہ مثمن ہے تو مطلب ہوا کہ اس بحر کے ایک شعر میں ایک ہی رکن کی آٹھ بار تکرار ہے۔ مفرد کے مقابلے میں مرکب بحریں ہوتی ہیں جن میں ایک سے زائد ارکان ہوتے ہیں۔
 
اس بحر کا رکن ہے 'فَعُولُن' یعنی فَ عُو لُن یعنی 1 2 2 ہے اور اس بحر میں اسی ایک رکن کی بار بار تکرار ہونی ہے۔ اسکے مقابلے میں آپ بحرِ متدارک دیکھ چکے ہیں کہ اسکا رکن 'فاعلن' ہے، کیا آپ فعولن اور فاعلن میں کوئی مماثلت دیکھ سکتے ہیں۔
 
فعولن یا 1 2 2
 
اب اگر پہلے ہجائے کوتاہ کو اٹھا کر پہلے ہجائے بلند کے بعد رکھ دیں یعنی 2 1 2 تو یہ وزن فاعلن ہے، متقارب اور متدارک میں بس اتنا ہی فرق ہے، ان دونوں میں یہ مماثلت اس وجہ سے ہے کہ دونوں بحریں ایک ہی دائرے سے نکلی ہیں، تفصیل کسی اچھے وقت کیلیے اٹھا رکھتا ہوں۔
 
بحرِ متقارب کا وزن ہے
 
فعولن فعولن فعولن فعولن
 
(یہ بات نوٹ کریں کہ جب بحر کا نام لکھتے ہیں تو ایک مکمل شعر میں جتنے رکن ہوتے ہیں انکی تعداد بتائی جاتی ہے لیکن جب وزن لکھتے ہیں تو صرف ایک مصرعے کا لکھتے ہیں، یہ مثمن بحر ہے یعنی آٹھ رکن ایک شعر میں ہیں لیکن جب وزن لکھا تو صرف ایک مصرعے کا کیونکہ دوسرا مصرع ہو بہو پہلے کا عکس ہوتا ہے۔)
 
اب اس شعر کی تقطیع دیکھتے ہیں
 
سِ تا رو - 1 2 2 - فعولن (یاد رکھنے کی ایک بات کہ نون غنہ کا وزن نہیں ہوتا سو اسے تقطیع میں بھی شمار نہیں کرتے، اس لیئے ستاروں کا نون غنہ تقطیع میں نہیں آرہا اور نہ ہی اسکا کوئی وزن ہے)
 
سِ آ گے - فعولن 1 2 2 (یاد رکھنے کی دوسری بات، حرف علت الف، واؤ یا یے کو ضرورت شعری کے وقت وزن پورا کرنے کیلیئے لفظ سے گرا کر اور اسے اضافت یعنی زیر، زبر، پیش سے بدل کر اسکا وزن ختم کر سکتے ہیں کیونکہ اضافتوں کا بھی کوئی وزن نہیں ہوتا۔ وجہ یہ ہے کہ بولنے میں کوئی فرق نہیں پڑتا اور فائدہ یہ کہ وزن پورا ہو جاتا ہے، یہاں 'سے' کو 'سِ' یعنی س کے نیچے زیر لگا کر سمجھا جائے گا تا کہ وزن پورا ہو اور اسی کو اخفا کہتے ہیں جسے اس بلاگ کے قاری بخوبی جانتے ہیں۔
 
جَ ہا او - فعولن 1 2 2 (جہاں کا نون غنہ پھر محسوب نہیں ہو رہا کہ اس کا کوئی وزن نہیں)۔)
 
ر بی ہے - فعولن 1 2 2 (یاد رکھنے کی اگلی بات کہ دو چشمی ھ کا بھی شعر میں کوئی وزن نہیں ہوتا اس لیئے بھی کو بی سمجھتے ہیں)
 
اَ بی عش - 1 2 2 - فعولن
ق کے ام - 1 2 2 - فعولن
ت حا او - 1 2 2 - فعولن
ر بی ہے - 1 2 2 - فعولن
 
بلاگ کے قارئین کیلیے ایک اور شعر کی تقطیع
 
تہی زندگی سے نہیں یہ فضائیں
یہاں سینکڑوں کارواں اور بھی ہیں
 
ت ہی زن - 1 2 2 - فعولن
د گی سے - 1 2 2 - فعولن
ن ہی یہ - 1 2 2 - فعولن
ف ضا ئے - 1 2 2 - فعولن
ی ہا سے - 1 2 2 - فعولن
ک ڑو کا - 1 2 2 - فعولن (سینکڑوں میں جو نون ہے اس کو مخلوط نون کہا جاتا ہے یعنی وہ نون جو ہندی الفاظ میں آتا ہے اور اسکا وزن نہیں ہوتا)۔
ر وا او - 1 2 2 - فعولن
ر بی ہے - 1 2 2 - فعولن
 
متقارب بہت خوبصورت بحر ہے اور اردو شاعری میں کافی استعمال ہوتی ہے، اسی بحر میں علامہ کی ایک اور خوبصورت غزل ہے۔
 
ترے عشق کی انتہا چاہتا ہوں
مری سادگی دیکھ کیا چاہتا ہوں
 
اور ایک اور خوبصورت غزل
 
نہ آتے، ہمیں اس میں تکرار کیا تھی
مگر وعدہ کرتے ہوئے عار کیا تھی
 
اور غالب کی انتہائی خوبصورت غزل
 
جہاں تیرا نقشِ قدم دیکھتے ہیں
خیاباں خیاباں ارَم دیکھتے ہیں
 
بنا کر فقیروں کا ہم بھیس غالب
تماشۂ اہلِ کرم دیکھتے ہیں
 
اور مرزا رفیع سودا کی یہ خوبصورت غزل دراصل سودا کی اسی زمین میں غالب نے اوپر والی غزل کہی ہے۔
 
غرَض کفر سے کچھ نہ دیں سے ہے مطلب
تماشائے دیر و حرَم دیکھتے ہیں
 
 
زمینِ چمن گُل کھلاتی ہے کیا کیا
بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے
 
نہ گورِ سکندر، نہ ہے قبرِ دارا
مٹے نامیوں کے نشاں کیسے کیسے
 
اور اب اگر اس بحر میں کہے ہوئے مزید کلام کی تلاش ہے تو خواجہ الطاف حسین حالی کی 'مدّ و جزرِ اسلام' المعروف بہ 'مسدسِ حالی' کے سینکڑوں اشعار دیکھ لیں۔
 
وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا
مرادیں غریبوں کی بر لانے والا
 
مصیبت میں غیروں کے کام آنے والا
وہ اپنے پرائے کا غم کھانے والا
 
فقیروں کا ملجا، ضعیفوں کا ماویٰ
یتمیوں کا والی، غلاموں کا مولیٰ
 
کسی وضاحت کی صورت میں ضرور لکھیئے گا۔

14844