ہمیں جس سے محبّت ہے خلافت ایک نعمت ہے
اسی سے عہدِ بیعت ہے خلافت ایک نعمت ہے
کیا وعدہ خدا نے مومنوں سے جس کا قرآں میں
وہی واضح بشارت ہے خلافت ایک نعمت ہے
خدا خود اپنے ہاتھوں سے اسے منظور کرتا ہے
خدا کی بادشاہت ہے خلافت ایک نعمت ہے
ملے جب آخریں سے اوّلیں تو یہ سبق پایا
کہ فرض اس کی حفاظت ہے خلافت ایک نعمت ہے
یہ نعمت جب ملی پہلوں کو فتنوں کا نتیجہ تھا
کہ پھر پائی شہادت ہے خلافت ایک نعمت ہے
نہ چھن جائے کہیں نعمت یہ ناشکری نہ ہو جائے
ہمیں واجب اطاعت ہے خلافت ایک نعمت ہے
مقابل مکر ہو جب بھی خدا تدبیر کرتا ہے
جو غالب اُس کی حکمت ہے خلافت ایک نعمت ہے
جو منہاجِ نبوّت پر ہے قائم اس زمانے میں
وہی راشد خلافت ہے خلافت ایک نعمت ہے
ہمارا دل ہماری جاں ہمارا مال سب اس پر
فدا کرنا سعادت ہے خلافت ایک نعمت ہے
خدا نے چن لیا طارق یہ اس کا فضل ہے ہم پر
ہماری جو قیادت ہے خلافت ایک نعمت ہے

0
79