ابتدا کرتا ہوں لے کر نام اُس اللّٰہ کا
جس نے بِن مانگے دیا ہے رحم جس کا بے بہا
جو بھی ممکن ہو سبھی تعریف ہے اللّٰہ کی
جس سے بہتر ہو نہ ممکن وہ ثنا اللّٰہ کی
سب جہانوں کا ہمیشہ سے وہی پرور دگار
سب پہ بِن مانگے عطایا رحم اس کا بار بار
اُس نے کی تخلیق جب مدِ نظر اُس کو رہیں
حاجتیں جو ہوں کبھی یا اب تلک مجھ کو رہیں
فضل اُس کے مجھ پہ بن مانگے بھی کثرت سے ہوئے
میری کوشش کو بھی اُس نے بارہا پھل دے دئے
روزمحشر اپنی ہر تخلیق کا مالک بھی وہ
اور اس دن ہو گا ہر اک رو ح کا سالک بھی وہ
میں ہمیشہ تیرا بندہ ہی بنوں بن کے رہوں
استعانت بھی ہمیشہ میں طلب تجھ سے کروں
راستہ سیدھا چلوں ایسا جو تُجھ تک لے چلے
استقامت سے رہوں اس پر جو دکھ چاہے ملے
نعمتیں جو پا گئے ہیں ان کا ہو وہ راستہ
کوئی مغضوبوں سے گمراہوں سے ہو ناں واسطہ
اے خدا میری دُعا کو کر قبولیّت عطا
تُو ہی کرتا ہے جہانوں کی ربوبیّت سدا

0
68